احمدآباد 2030 کامن ویلتھ گیمز کی میزبانی کے لیے منتخب
سڈنی(شاہ زیب خان)بھارت کے شہر احمدآباد کو سرکاری طور پر 2030 کامن ویلتھ گیمز کی میزبانی کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے،کامن ویلتھ اسپورٹ جنرل اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ کے بعد باضابطہ طور پر اس فیصلے کی منظوری دی گئی، اجلاس گلاسگو میں منعقد ہوا، جس میں کامن ویلتھ کی 74 رکن ممالک اور خطوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
احمدآباد کو کامن ویلتھ سپورٹس کی صد سالہ ایڈیشن کی میزبانی کا فیصلہ گزشتہ ماہ کامن ویلتھ سپورٹس کی ایویلیوایشن کمیٹی اور ایگزیکٹو بورڈ کی سفارش کے بعد سامنے آیا،گلاسگو میں ایک پریس کانفرنس کے دوران گلاسگو 2026 کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ کامن ویلتھ گیمز کے صد سالہ ایڈیشن کا بھارت کو ملنا کھیلوں کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ جیسے گلاسگو 2026 میں 74 ممالک اور خطوں کا استقبال کرنے کی تیاری کر رہا ہے، ہم احمدآباد کو کامیاب بولی پر مبارکباد دیتے ہیں۔ ان کی توانائی، ویژن اور عزم متاثر کن ہے۔ ہم ان کے ساتھ مل کر 2026 کے لیے ایک شاندار، پائیدار اور متاثرکن گیمز کے لیے مشترکہ منصوبہ بندی کے منتظر ہیں، پریس کانفرنس میں بھارتی وفد نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیئے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ 2030 میں احمد آباد کھیلوں کی بھر پور میزبانی کرے گا اس حوالے سے ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا
گلاسگو 2026 کے چیف ایگزیکٹو فل بٹی نے مزید کہا کہ اسکاٹ لینڈ کا گزشتہ سال گیمز کی میزبانی کے لیے آگے آنا ایک بہادرانہ قدم تھا، جس نے بڑے کھیلوں کے مقابلوں کی منصوبہ بندی اور انعقاد کے طریقے میں اہم تبدیلی کی بنیاد رکھی،ان کے مطابق، گلاسگو ایک نئی مثال اور نیا ماڈل تیار کر رہا ہے جو آئندہ 100 سال تک کامن ویلتھ گیمز کی بقا اور کامیابی کو یقینی بنائے گا۔