خیبرپختونخوا کھلاڑیوں کے مسائل،کھلی کچہری کاانعقاد
پشاور(عبدلصمد خٹک)ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر نے ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس پشاور میں خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے انٹرنیشنل کھلاڑیوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔جس میں تمام کھیلوں سے وابستہ کھلاڑیوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اس دوران ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر نے کھلاڑیوں کے انفرادی و اجتماعی درپیش مسائل بغور سنے۔ جس پر انہوں نے متعلقہ ذمہ داران کو کھلاڑیوں کو درپیش مسائل کو فوری حل کرنے کی ہدایات جاری کی۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا کھیلوں کی سرزمین ہے، ہمارے نوجوان کھلاڑیوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ ہمیں ان کے مسائل حل کر کے ان کو ایک محفوظ، شفاف اور سہولیات سے آراستہ ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ قومی و بین الاقوامی سطح پر کھیلوں میں ملک و قوم کا نام روشن کریں۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کا ویژن ہے کہ ہر سطح پر نوجوانوں کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی جائے اور کھیلوں کے فروغ کیلئے دیرپااور بہتر اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی قیادت اور صوبائی وزیر کھیل و آمور نوجوانان سید فخرجہان کی سرپرستی میں محکمہ کھیل کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور سہولیات کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہے ہے۔کھلاڑیوں کی کھلی کچہری میں ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس کے متعلقہ افسران موجود تھے جنہوں نے کھلاڑیوں کے مسائل کی تفصیلات نوٹ کیں اور موقع پر ہی بعض امور کے حل کیلئے اقدامات بھی اٹھائے۔جبکہ کھلاڑیوں نے کھلی کچہری کے انعقاد کو ایک خوش آئند اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں براہِ راست اپنی بات اعلیٰ حکام تک پہنچانے کا موقع ملا۔ کھلاڑیوں نے مسائل سننے اور ان کے حل کیلئے فوری احکامات جاری کرنے پر صوبائی حکومت اور ڈی جی سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر کا شکریہ ادا کیا