انٹر مدارس سپورٹس چمپئن شپ پشاورمیں شروع ہوگئی

پشاور(سردار زرید خان)انٹر مدارس سپورٹس چمپئن شپ قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاورمیں شروع ہوگئی ان گیمز میں ضم اضلاع کے 800 سے زائددینی مدارس کے طلباء 7 مختلف گیمز میںحصہ لیں گے۔ان گیمز کا باضابطہ افتتاح کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے کیا ان کے ہمراہ سیکرٹری سپورٹس طاہر اورکزئی ،ڈائریکٹرجنرل سپورٹس خالد خان ، ڈائریکٹر سپورٹس ضم اضلاع پیر عبداللہ شاہ، ڈائریکٹر سپورٹس عزیز اﷲ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن ومیڈیا فوکل پرسن اعوان حسین ڈائریکٹرسلیم رضا، ایڈمن آفیسر سید جعفرشاہ،سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ، ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس ضم اضلاع کے زیراہتمام تاریخ میں پہلی مرتبہ قبائلی ضم اضلا ع دینی مدارس کے مابین سپورٹس مقابلوں کا انعقاد کیاجارہا ہے جس میں کرکٹ ، فٹبال ، والی بال ، رسہ کشی ، ایتھلیٹکس ، بیڈمنٹن اور قراء ت کے مقابلے شامل ہیں ۔

 میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر سپورٹس پیر عبداﷲ شاہ نے بتایا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایت پر ضم قبائلی اضلاع کے مختلف مدارس کے بچوں اور طلبا کو صحت مندانہ کھیلوں کی سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ انٹر مدرسہ سپورٹس چیمپئن شپ 2 سے پانچ جون تک پشاور کے مختلف گرائونڈ ز پر منعقد ہوگی جس میں کھلاڑی بیڈمنٹن رسہ کشی، ایتھلیٹکس، والی بال اور قرات کے مقابلے پشاور سپورٹس کمپلیکس ، کرکٹ مقابلے جمخانہ کرکٹ گرائونڈ اور فٹبال میچز طہماس خان فٹبال سٹیڈیم پر منعقد ہونگے۔ڈائریکٹر سپورٹس اضلاع پیر عبداللہ شاہ نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ضم شدہ اضلاع میں مدارس کے طلبا کو کھیلوں کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔جسکا مقصدمدارس کے طلبا میں چھپی ہوئی صلاحیتوں کو سامنے لانا ہے۔ تاکہ وہ دینی علوم کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدان میں بھی مقابلہ کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ قرات کے مقابلوں میں کل 25 طلبا حصہ لیں گے، بیڈمنٹن میں 91 کھلاڑی، کرکٹ میں 195 کھلاڑی، والی بال میں 130، فٹ بال میں 208، شاٹ پٹ میں 20 کھلاڑی اور ٹگ آف وار میں 156 کھلاڑی حصہ لیں گے۔پیر عبداللہ شاہ نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام انتظامات بروقت مکمل کر لیے گئے ہیں اور امید ہے کہ مختلف مدارس کے طلبا اس سے لطف اندوز ہوں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

صحفہ اول