بینظیر بھٹوویمن یونیورسٹی میں ٹینس کورٹ کا افتتاح

پشاور ( عبدالصمد خٹک)ملک عمرخطاب میموریل سپورٹس ٹرسٹ پشاور کے تعاون سے شہید بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی لاڑمہ پشاور میں گراس ٹینس کورٹ کا افتتاح ہوگیا۔خیبرپختونخوا ٹینس ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر ملک عمر ایاز خلیل نے شہید بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی لاڑمہ پشاور کا خصوصی دورہ کیا،انہوں نے طالبات کے لیے ایک گراس ٹینس کورٹ کے قیام کا اعلان کیا۔ اس منصوبے کے تمام اخراجات ذاتی طور پر فنڈ کر رہے ہیں۔یہ اقدام خواتین کھلاڑیوں کو ٹینس میں آگے بڑھنے، اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور قومی سطح پر نمائندگی کے مواقع فراہم کرے گا۔افتتاحی تقریب میں  ملک عمر ایاز خلیل کے ہمراہ یونیورسٹی کی ڈائریکٹر اسپورٹس ماریہ سمین اور اسپورٹس انچارج سلمیٰ فیض بھی شریک تھیں۔30طالبات نے لان ٹینس میں باقاعدہ تربیت کا آغاز کردیا ہے۔ٹینس کورٹ نہ صرف شہید بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی کی طالبات بلکہ لاڑامہ ہائر سیکنڈری کالج برائے خواتین، پشاور کی طالبات کے لیے بھی دستیاب ہوگی، تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان لڑکیاں کھیلوں میں حصہ لے سکیں۔تقریب میں کوچز نعمان، ذاکر، شاہ سوار اور عبدالنعمان بھی موجود تھے جنہوں نے اس اقدام کو خواتین کھیلوں کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ملک عمر ایاز خلیل نے اس موقع پر کہا کہ خواتین ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں، ان کے لیے معیاری کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ ٹینس میں خواتین کی شمولیت سے نہ صرف کھیل بلکہ معاشرہ بھی مضبوط ہوتا ہے۔یہ منصوبہ ملک عمر خطاب خلیل میموریل اسپورٹس ٹرسٹ کے تعاون سے ممکن ہوا ہے، جو صوبے میں نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے مواقع بڑھانے میں سرگرم عمل ہے۔

صحفہ اول