پشاور(عبدالصمد خٹک)ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا کا پشاور سپورٹس کمپلیکس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری محکمہ کھیل وآمور نوجوانان خیبرپختونخوا سعادت حسن۔ڈائریکٹر جنر ل سپورٹس خیبر پختونخوا تاشفین حیدر، ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس کے دیگر ڈائریکٹرز،ریجنل سپورٹس آفیسرز اور ڈسٹرک سپورٹس آفیسرز نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ خیبرپختونخوا گیمز2025نومبرسے شروع ہونگے۔ جس میں صوبہ بھر کےسکولز ،کالجز اور مدارس کے کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے گا۔اجلاس میں سیکرٹری سپورٹس اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس نے تمام ریجنل آفیسرز کو نومبر میں ہونے والے خیبر پختونخوا گیمز کو کامیاب بنانے کیلئے تمام اضلاع کے سکولز ،کالجز اور مدارس سے نئے ٹینلٹ کو شامل کرنے کیلئے تمام سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ خیبر پختونخوا گیمز کیلئے وہ کیمپ کا انعقاد کریں۔خیبر پختونخوا گیمز میں صوبے بھر کے کھلاڑیوں کیلئے 26 میل گیمز جبکہ 17 فیمیل گیمز شامل کی ہیں۔ گیمز انٹر ریجنل اور انٹر ڈسٹرک لیول پر کھیلے جائیں گے۔ سیکرٹری سپورٹس نے تمام ریجنل آفیسرز کو ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں جاری ترقیاتی کاموں کا باقاعدہ وزٹ کریں تاکہ محکمہ کھیل کے تمام اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جاسکے اور ان تمام ترقیاتی منصوبوں کے پراگرس رپورٹ ماہانہ بنیاد پر ڈائریکٹریٹ کو ارسال کریں۔سیکرٹری سپورٹس اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس نے کہا کہ تمام ریجنل آفیسرز کو گیمز کے حوالے سے سالانہ کلینڈر اور ماہانہ رپورٹ بھی ڈائریکٹریٹ کے پاس باقاعدگی کے ساتھ جمع کریں ۔سیکرٹری سپورٹس نے کہا کہ تمام ریجنل سپورٹس آفیسرز اور ڈسٹرک سپورٹس آفیسرز اضلاع میں سپورٹس ایسوسی ایشنز کے ساتھ لیزان رکھے تاکہ کھیلوں کے فروغ کیلئے میرٹ کی بنیاد پر نیا ٹینلٹ سامنے آسکے۔