کراچی(سپورٹس ڈسک)پاک افغان وہیل چیئر ٹی 20 کرکٹ سیریز 29 ستمبر سے یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں شروع ہوگی۔افتتاحی میچ پیر کی شام 6 بجے کھیلا جائے گا، جبکہ ٹرافی کی رونمائی اتوار کو کی جائے گی۔پاکستان وہیل چیئر کرکٹ کونسل کے ترجمان کے مطابق افغانستان کی ٹیم پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کررہی ہے، جو دونوں ممالک کے تعلقات اورسپورٹس ڈپلومیسی کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے۔ ایشیا کپ سے قبل یہ سیریز قومی ٹیم کیلئے بھرپور تیاری کا موقع فراہم کرے گی۔چار میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ 30 ستمبر، تیسرا یکم اکتوبر اور چوتھا و آخری میچ 2 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔پاکستان ٹیم کی قیادت محمد ذیشان کریں گے، جبکہ عمران آرائیں نائب کپتان ہوں گے۔ دیگر کھلاڑیوں میں محمد فیاض، احمد یار سینئر، مثال خان، صدر ایوب، توصیف ملک، مبین اقبال، اسامہ طارق، جمعہ خان، ایاز خان، زاور خان، وقاص سعید، سعید بنوں اور ساجد خان شامل ہیں۔ ریزرو کھلاڑیوں میں سعید خان، شاہ فیصل اور گوہر آفریدی شامل کیے گئے ہیں۔ٹیم کی کوچنگ کے فرائض سید فیضان باقر نقوی انجام دیں گے، جبکہ رضوان الحق ٹیم مینجر ہوں گے۔واضح رہے کہ پاکستان نومبر میں تیسرے ایشیا کپ وہیل چیئر کرکٹ کی میزبانی بھی کرے گا، جس میں چھ ٹیمیں شریک ہوں گی۔