نیشنل سکولز سوئمنگ چیمپئن شپ عزاز اختر کی شاندار کامیابی
پشاور (عبدالصمد خٹک) آل پاکستان نیشنل اسکولز سوئمنگ چیمپئن شپ میں ہیپی ڈے سکول سسٹم پشاور کینٹ کے عزاز اختر نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک گولڈ اور دو سلور میڈل اپنے نام کر لیے۔چیمپئن شپ میں ملک بھر کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء نے شرکت کی۔ عزاز اختر نے اپنی بہترین تیراکی میں خیبرپختونخوا کی نمائندگی کرتے ہوئے قومی سطح پر بھی اعزاز حاصل کیا۔ہیپی ڈے سکول سسٹم کے پرنسپل، اساتذہ اور ساتھی طلباء نے عزاز اختر کی اس شاندار کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ کامیابی ان کی لگن، محنت اور کوچز کی انتھک تربیت کا نتیجہ ہے۔ اسکول انتظامیہ نے کہاکہ وہ کھیلوں کے فروغ اورباصلاحیت طلباء کی حوصلہ افزائی کے لیے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔اس موقع پر عزاز اختر نے کہا کہ مستقبل میں بھی مزید محنت کر کے قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔