کے پی جونیئر سکواش چیمپئن شپ پشاور میں شروع ہوگئی

پشاور (سردار زرید)ہا شم خان کے پی جونیئر سکواش چیمپئن شپ بوائز انڈر11‘13‘15 اور 17 جبکہ ویمنز سینئر کے مقابلے گزشتہ روز قمرزمان سکواش کمپلیکس پشاور میں شروع ہوگئے‘ اس موقع پر ڈی جی سپورٹس کیپٹن(ر) خالد محمود‘ سکواش لیجنڈ اور کے پی سکواش ایسوسی ایشن کے چیئرمین قمرزمان‘ سمیت سکواش کے سینئر پلیئرز آفیشلز اور مقابلوں میں حصہ لینے والے بڑی تعداد میں کھلاڑی موجود تھے‘ڈی جی سپورٹس کیپٹن(ر) خالد محمود نے مقابلوں کے انعقاد پر کے پی سکواش ایسوسی ایشن کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایج گروپ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع دینے چاہئیں صوبائی سکواش ایسوسی ایشن تواتر کیساتھ مقابلوں کا انعقادکررہی ہے جس سے کھلاڑی آگے آ رہے ہیں اور انہیں اپنی بہترین صلاحیتیں دکھانے کے مواقع میسر آ رہے ہیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کھلاڑیوں میں سے بہترین کھلاڑی سامنے آئیں گے اور وہ نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کانام روشن کریں گے‘ سکواش لیجنڈ اور کے پی سکواش ایسوسی ایشن کے چیئرمین قمرزمان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گراس روٹ لیول پر توجہ دے رہے ہیں ہماری کوشش ہے کہ جونیئر سکواش پلیئرز کو آگے آنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کریں تا کہ وہ اپنی بہترین صلاحیتوں کے بل بوتے پر اوپر آ سکیں انہوں نے کہا کہ یہی ایج گروپ کھلاڑی ہی ہمارا مستقبل ہیں اگر ابھی سے ان پر توجہ ہوگی تووہ مستقبل میں ورلڈ چیمپئن بھی بن سکتے ہیں اور پاکستان کا سکواش میں کھویا ہوا مقام دوبارہ ہمیں واپس دلوا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کے پی سکواش ایسوسی ایشن نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے تمام مقابلوں کو سابق چیمپئنز کے ناموں سے منسوب کرنیکا فیصلہ کیا اور اس سلسلے میں پہلا مقابلہ ہاشم خان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے جس کا مقصد نئی نسل کواپنے ہیروز کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے ان مقابلوں کے انعقاد کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

صحفہ اول