پشاور میں نیشنل ایکریڈیٹڈ کراٹے کوچز کورس کا آغاز

پشاور(سردارزرید خان) پاکستان کراٹے فیڈریشن اور خیبر پختونخوا کراٹے ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام نیشنل ایکریڈیٹڈ کراٹے کوچز کورس پشاور میں شروع ہوگئے جس میں ملک بھر سے کوچز حصہ لے رہے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل سپورٹس کیپٹن (ر) خالد محمود نے کورس کا افتتاح کیا، کراٹے ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خالد نور اور کوآرڈی نیٹرخیبرپختونخوا شاہ فیصل،ریجنل سپورٹس آفیسر شفقت اللہ،ڈپٹی ڈائریکٹرآپریشن امیر زاہد شاہ ایڈمن آفیسر محمد عمران سمیت دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈاکٹر وصی اللہ، ڈاکٹر مریم اسحاق اور محمد احمد نعیم کورس کے شرکاء کو لیکچرز دے رہے ہیں جبکہ فرمان احمد، اعجاز الحق، خالد نور اور شاہ فیصل ڈائریکٹرز کے فرائض انجام دیں گے۔ تین روزہ کورس میں شرکاء کو کوچ کے کردار، کھیلوں میں ہراسانی، غذائیت، انجری اور ریکوری، انٹی ڈوپنگ سمیت دیگر امور اور ورلڈ کراٹے فیڈریشن کے رولز بارے آگاہی دینے کے علاوہ انہیں عملی تربیت دی جائے گی، کوچز کو کیہوں، کاتا اور کومتے بارے میں بھی عملی تربیت دی جائے گی۔آخری روز شرکاء سے تھیوری کا امتحان اور عملی تربیت کا جائزہ لیا جائے گا۔ ڈی جی سپورٹس نے کورس کے انعقاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں میں چھپا ٹیلنٹ سامنے لانے کے لئے کوچز کا بنیادی کردار ہے کوچز کو وقت کے تقاضوں کے مطابق جدید تکنیک سے روشناس کرانا خوش آئند اقدام ہے، ڈائریکٹوریٹ سپورٹس کوچز کی استعداد کار بڑھانے میں ہر قسم تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں مارشل آرٹ گیمز کا کافی ٹیلنٹ موجود ہے یہی وجہ ہے کہ نیشنل گیمز میں ہمارے کھلاڑیوں نے کافی میڈلز اپنے نام کئے،اسکے علاوہ مختلف ڈیپارٹمنٹس میں بھی خیبرپختونخوا کے کھلاڑی کھیل رہے ہیں جنہوں نے نہ صرف نیشنل بلکہ انٹر نیشنل سطح پر ملک وصوبے کا نام روشن کیا انہوں نے دیگر کھیلوں کے فیڈریشن اور ایسوسی ایشن سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے صوبے میں اسی طرح کے کوچنگ کورس کاانعقاد کرے تاکہ ہمارے کھلاڑی جدید تکنیک رولز بارے آگاہی حاصل کرسکے،انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے کوچنگ پر توجہ دی جارہی ہے تقریباً ہر کھیل کے لئے کوچ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ کراٹے کوچز کورس سے شرکاء جدید تکنیک اور عالمی رولز سے روشناس ہوں گے جس کا فائدہ صوبے اور ملک کے کھلاڑیوں کو ہوگا۔

صحفہ اول